حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں آج تقریباً 20 محکمہ جات کے مطالبات زر کو مباحث کے بغیر منظوری دیدی ہے۔ چونکہ مطالبات زر پر مباحث اور حکومت کے جواب کا آج آخری دن تھا لیکن ایوان میں کانگریس پارٹی کے احتجاج کے سبب یہ ممکن نہ ہوسکا ۔ اسپیکر مدھو سدن چاری نے تمام محکمہ جات کے مطالبات زر کو ندائی ووٹ سے منظوری دیدی۔ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری محکمہ تعلیم کے مطالبات زر پر مباحث کا جواب دینے کیلئے اٹھے لیکن ایوان میں شور و غل کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکا۔ جن محکمہ جات کے مطالبات زر مباحث کے بغیر منظور کرلئے گئے ، ان میں تعلیم ، لیبر اینڈ ایمپلائیمنٹ ، انڈومنٹ ، جنگلات ، سائنس و ٹکنالوجی ، ماحولیات انڈسٹریز ، سیاحت ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، پبلک انٹرپرائزس ، گورنر و کونسل آف منسٹرس، جی اے ڈی ، اطلاعات و تعلقات عامہ ، ریاستی مقنننہ محکمہ تعلیم سیول سپلائیز ، پلاننگ اینڈ سروے شامل ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے مباحث کے بغیر مطالبات زر کی منظوری پر ا عتراض کیا۔ اسمبلی میں کل تصرف بل پیش کیا جائے گا۔