2 فبروری کے تھائی چناؤ ملتوی کئے جاسکتے ہیں، عدالت کی رولنگ

بنکاک۔ 24 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ایک تھائی عدالت نے آج متفقہ طورپر رولنگ دی کہ 2 فبروری کے وسط مدتی چناؤ ملتوی کئے جاسکتے ہیں ، جس سے سیاسی بحران شدید ہوگیا ہے اور وزیراعظم ینگ لوک شینا واترا کو جھٹکہ لگا ، جن کا اصرار ہے کہ رائے دہی کی تاریخ نہ قابل تبدیل ہے ۔ دستوری عدالت نے تاہم یہ کہنے سے گریز کیا کہ شینا واترا کی نگران کار حکومت کی جانب سے معلنہ چناؤ میں تاخیر کا اعلان کرنے کا جواز کس کے پاس ہے ۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کو ڈسمبر میں تحلیل کیا گیا تھا ۔ انتخابی پیانل اور اصل اپوزیشن ڈیموکریٹ پارٹی یہی کہتے آئے ہیں کہ ووٹنگ کو سیاسی بدامنی کی وجہ سے موخر کیا جانا چاہئے ۔

مالی میں 11 عسکریت پسند ہلاک
بماکو۔ 24 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) باغیوں کی سرگرمیوں سے متاثرہ شمالی مالی میں فرانس کی زیرسرپرستی انسداد دہشت گردی مہم آج اختتام کو پہنچی جبکہ 11 اسلام پسند جنگجو مارے گئے اور ایک فرانسیسی سپاہی زخمی ہوا ، اس آپریشن سے واقف ملٹری ذرائع نے یہ بات کہی ۔ فرانس کے آپریشن سرول ملٹری مشن سے وابستہ عہدیدار نے اپنی سابقہ کالونی میں کہا کہ فرانسیسی ملٹری آپریشن ٹمبکٹو خطہ میں مکمل ہوچکا ہے ۔ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ ایک فرانسیسی سپاہی کو زخم آئے لیکن اُس کی زندگی خطرہ سے باہر ہے ۔ مالیائی ملٹری کے ایک ذریعہ نے اس اطلاع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسیوں نے اچھا کام انجام دیا ہے کیونکہ جہادی عناصر جن میں زیادہ تر لیبیا کے ہیں ، خطہ میں سرگرم ہوگئے تھے۔