عشق آباد ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (ISS) میں 199 ایام گذارنے کے بعد ’’ایک پیڈیشن 43‘‘ کے عملہ کے تین ارکان جمعرات کے روز زمین پر واپس آجائیں گے۔ کمانڈر ٹیری ورٹس اور فلائیٹ انجینئرس اینٹن شکھا پلیروف اور سامنتا کرسٹو فوریٹی سوریو TMA-15.M خلائی جہاز پر سوار ہوکر ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق شام 7.13 بجے قازقستان میں لینڈنگ کریں گے۔ ورٹ نے اس موقع پر آئی ایس ایس کا کنٹرول سینئر خلاء باز جیناڈی پڈالکا کے حوالے کردیا۔ قبل ازیں 13 مئی کو خلاء باز زمین پر آنے والے تھے۔ تاہم اپریل میں ایک روسی راکٹ کے فیل ہوجانے سے مذکورہ مشن میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی تھی۔ دریں اثناء یوروپین اسپیس ایجنسی (ESA) کی خاتون خلاء باز کرسٹو فوریٹی نے خلاء میں رہنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، جنہوں نے ناساکی ہندوستانی نژاد خلاء باز سنیتا ولیمس 2006-07ء میں خلاء میں 195 دن رہنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور اس طرح وہ دنیا کی سب سے زیادہ تجربہ کار خاتون خلاء باز بن گئیں۔