نئی دہلی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج وزارت داخلہ سے اپنے اس فیصلہ پر وضاحت طلب کی کہ 1984ء کے مخالف سکھ فساد کے متاثرین کو 5 لاکھ روپئے کا تازہ معاوضہ دیا جائے، حالانکہ دہلی میں آنے والے ضمنی چناؤ کی وجہ سے ضابطہ اخلاق لاگو ہے۔ ای سی نے وزارت داخلہ کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے اس سے 3 نومبر تک جواب مانگا ہے، ذرائع نے یہاں یہ بات بتائی۔ اس مکتوب میں ای سی نے نشاندہی کی کہ دہلی میں جہاں 3 اسمبلی نشستوں کرشنا نگر، مہراولی اور تغلق آباد کیلئے 25 نومبر کو ضمنی چناؤ منعقد شدنی ہے، انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ یہ نشستیں ایم ایل ایز مئی میں منعقدہ عام انتخابات میں لوک سبھا کیلئے منتخب ہوجانے کے بعد خالی ہوئی ہیں۔