حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : جسمانی معذورین کو سیاسی میدان میں تحفظات فراہم کرنے کے علاوہ معذورین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر آل انڈیا ڈس ایبلڈ رائٹس فورم اور تلنگانہ راشٹرا کمیٹی کے زیر اہتمام 19 جون کو پریس کلب بشیر باغ میں 10 بجے دن ’ وکلا نگولا مہا سبھا ‘ منعقد کیا جائے گا جس میں بحیثیت مہمانان خصوصی مرکزی وزیر لیبر و روزگار مسٹر بنڈارو دتاتریہ ، ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کڈیم سری ہری اور مرکزی صدر بی سی ویلفیر اسوسی ایشن مسٹر آر کرشنیا شرکت کریں گے ۔ یہ بات قومی صدر آل انڈیا ڈس ایبلڈ رائٹس فورم مسٹر کولی ناگیشور راو نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کا قیام عمل میں آکر ایک سال مکمل ہوچکا ہے اس کے باوجود ریاست کے جسمانی معذورین کو درپیش مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے معذورین کو صرف 1500 روپئے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے سے ان کی ترقی ناممکن ہے ۔ مہا سبھا میں تلنگانہ کے 10 اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین بھی شرکت کر کے مخاطب کریں گے ۔ انہوں نے ریاست کے تمام معذورین سے کثیر تعداد میں شرکت کر کے جلسہ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر صدر نابینا اسوسی ایشن مسٹر پی وی راؤ ، سکریٹریز مسرز جے سرینواس ، پی سرینواس اور سوامی راجو ، بی رامچندر بھی موجود تھے ۔۔