اسلام آباد 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان انٹر نیشنل ایر لائنز (PIA) کی ایک خصوصی فلائیٹ جس میںیمن میں پھنسے ہوئے 176پاکستانی شہریوں کو لایا جارہا تھا‘ جمعہ کے روز جبوتی سے روانہ ہوئی۔ شہری ہوا بازی پر وزیر اعظم کے مشیر شجاعت عظیم اُن شہریوں کا اسلام آباد ایر پورٹ پر استقبال کریں گے ۔ ڈان آن لائن کے مطابق جمعرات کے روز دفتر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی روانگی کی توثیق کی جو عدن کی بندرگاہ سے ایک چینی بحری جہاز کے ذریعہ جبوتی پہچنے جبکہ پی آئی اے کی فلائیٹ انہیں وہاں سے بحفاظت پاکستان لانے کیلئے پہنچی جبکہ یمن کے بندرگاہی شہر موقالہ میںمزید 175 پاکستانی شہری وہاں سے تخلیہ کرنے کے منتظر ہیں۔ دوسری طرف 145 پاکستانی شہریوں کا ایک ایسا گروپ بھی ہے جو تخلیہ کے لئے کسی دیگر شہر منتقل ہونے کو تیار نہیں اور اب بھی دارالخلافہ صنعاء میں موجود ہے لہدا احکام نے ان کے لئے ایک خصوصی طیارہ روزانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یمن میں تقریبا 3000پاکستانی شہری قیام پذیر ہیں تاہم شیعہ حوثیوں کے خلاف سعودی عرب اور اس کے خلیجی حلیفوں کی جانب سے فضائی حملوں کے بعد 1000 پاکستانی شہری وہاں سے نکلنے کوشاں تھے ۔ یمن میں پھنسے ہوئے 500 پاکستانی شہریوں کو لیکر پہلا طیارہ اتوار کے روز کراچی پہنچا تھا۔