17 جنوری سے غیر معینہ مدت کے آٹو بند کا اعلان

آٹو یونین قائدین کا پریس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 8 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاست کے بیس سے زائد آٹو یونینس نے گیس اور پٹرول کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سخت احتجاج کیا اور حکومت پر بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکامی کا الزام عائد کیا اور ان قیمتوں کے اضافہ کے خلاف 17جنور ی سے غیر معینہ مدت کے اٹو بند کا اعلان کیا۔ ایس ایم ایس میںمنعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آٹو یونین تنظیموں کے ذمہ داران نے کہاکہ گیس کی قیمتوں میںگیارہ روپئے اضافہ کے گیارہ دن گذ رجانے کے باوجودحکومت کی جانب سے بڑھی قیمتوں کے متعلق وضاحت سے تساہل حکومت کے عامرانہ رویہ کا ثبوت ہے۔ پریس کانفرنس میںموجود آٹویونین قائدین نے کرایوں میںاضافہ کے فیصلے سے گریز ‘ واجبی کرایوں میں اضافہ میںتاخیر کے علاوہ‘ ای چالان کی برخواستگی‘ ڈرائیونگ لائسنس کے 8ویںجماعت کے لزوم کی منسوخی اور آٹو ڈرائیورس کے لئے ویلفیر بورڈ کا قیام کابھی حکومت سے مطالبہ کیا۔ اٹوڈرائیورس یونین کے قائدین نے کہاکہ آٹو کے واجبی کرایو ںمیںاضافہ اور پٹرول ‘ گیس کی قیمتوں میں دستبرداری میں تساہل کے خلاف چیف منسٹر اور ٹرانسپورٹ منسٹر کا گھیرائو بھی کیاجائے گا۔ یونین کے قائدین نے کرن کمار ریڈی انتظامیہ کوآٹو ڈرائیور دشمن بھی قراردیااور کہاکہ موجود ہ انتظامیہ میںعوام کو صرف مہنگائی ‘ بدعنوانی اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ صدر ٹی اے ڈی جے اے سی محمد امان اللہ خان‘ ایم اے سلیم‘ معراج رفعت بیگ اٹو اونرس اسوسیشن‘ ایس کے جاما جی ایچ اے ڈی یو‘ ڈی رمیش ا ے اے ڈی یو‘ سید عمر ٹی ایف ٹی یو‘ دستگیر ٹی سی اے ڈی یو‘ اے نریندر آئی ایف ٹی یو‘ پی یادگیری ٹی این ٹی یو سی‘ ایس کومرایا ٹی اے ڈی یو‘ وی ماریا ٹی ای ٹی یو‘ بی وینکٹیش اے آئی ٹی یو سی‘ وی کرن آئی ایف ٹی یو‘ ایم کملاکر ریڈی سی آئی ٹی یو کے علاوہ آٹو یونین کے دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔