150آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ کل اجلاس

شہر کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ: کے ٹی آر
حیدرآباد۔/25 جون، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کو آئی ٹی مرکز ( انفارمیشن ٹکنالوجی مرکز ) بنانے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت موثر اقدامات کرے گی، اور آئندہ پانچ سال کے دوران ریاست بھر میں آئی ٹی سرویسیس( انفارمیشن ٹکنالوجی خدمات ) کو وسعت دینے کیلئے تقریباً 150انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ 27 جون کو حیدرآباد میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جارہا ہے۔ اس اجلاس میں انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی، ضلع مستقروں پر آئی ٹی کمپنیوں کا قیام ، کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی ترغیبات، آئی ٹی کاریڈار میں خاتون ملازمین کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات و دیگر اہم اُمور پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج تلنگانہ حکومت مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اس بات کا انکشاف کیا اور کہا کہ آج انہوں نے اوراکل کمپنی کے منتخبہ نمائندوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ کیا اور ان نمائندوں نے وزیر موصوف کو بتایا کہ اوراکل کمپنی اپنی مزید برانچس کا تلنگانہ ریاست میں آغاز کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اس کے لئے بھاری مصارف عائد ہوں گے لہذا کمپنی کے قیام پر حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے ترغیبات کے ساتھ ساتھ ضرورت کے مطابق اراضیات مختص کرنے کی وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راماراؤ سے کمپنی کے نمائندوں کی جانب سے پرزور خواہش کی۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پراجکٹ رپورٹ تیار کرکے 27جون کو منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے کی اوراکل کمپنی کے نمائندوں سے انہوں نے خواہش کی۔