نئی دہلی 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات سے قبل 11 سیاسی جماعتیں خود کو متبادل کے طور پر پیش کرتے ہوئے اس عہد کے ساتھ ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوگئی کہ کانگریس کے زیرقیادت یو پی اے کو شکست دی جائے اور بی جے پی کو اقتدار پر آنے سے روکا جائے۔ جے ڈی (یو)، بایاں بازو اتحاد، سماج وادی پارٹی اور آل انڈیا انا ڈی ایم کے اور دیگر جماعتوں کے قائدین کے آج یہاں منعقدہ اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا گیا۔ سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے ایک گھنٹہ طویل اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یو پی اے کو شکست دینے کیلئے 11 جماعتیں متحد ہوگئی ہیں۔ پرکاش کرت کے ساتھ جے ڈی (یو) لیڈر اور بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار، ایس پی کے صدر ملائم سنگھ یادو، جے ڈی (ایس) کے لیڈر ایچ ڈی دیوے گوڑا اور چند دیگر قائدین موجود تھے۔
اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کی پالیسیاں بھی کانگریس جیسی ہیں اور بی جے پی بھی ایک ہی سکہ کا دوسرا رُخ ہے۔ پرکاش کرت نے کہاکہ بی جے پی فرقہ وارانہ سیاست کی نمائندگی کرتی ہے جو ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ سی پی آئی (ایم) لیڈر نے کہاکہ یہ 11 جماعتیں اب یو پی اے اور بی جے پی کا متبادل پیش کریں گی۔ اُنھوں نے دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس اتحاد میں شامل ہوجائیں۔ ملائم سنگھ یادو نے کہاکہ تیسرا متبادل مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آج اگرچہ 11 جماعتیں ہیں بعد میں 15 جماعتیں ہوجائیں گی۔ اس استفسار پر کہ آیا تیسرے محاذ کا تجربہ ناکام ہوجانے پر آپ دوبارہ بی جے پی سے مفاہمت کرلیں گے؟ مسٹر نتیش کمار نے جواب دیا کہ بی جے پی اتحاد میں واپسی کا سوال تو چھوڑیئے وہ بھی اس سے ربط بھی نہیں کریں گے۔