تھانے ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دل کو دہلادینے والے ایک واقعہ میں 11 سالہ گھریلو ملازمہ کو اس کے آجرین نے نہ صرف اسے کئی دن تک بھوکا رکھا بلکہ اس کے پوشیدہ اعضاء کو اذیتیں پہنچائی۔میرا روڈ پولیس اسٹیشن کے بموجب 11 سالہ لڑکی جسے گھریلو امور کی انجام دہی کیلئے اترپردیش سے یہاں لایا گیا تھا ، اس متاثرہ لڑکی نے پڑوسی کی مدد سے اذیتوں سے باہر نکلنے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پولیس کو اپنی داستاں سنائی اور کہا کہ وہ 36 سالہ شرجیل انصاری اور 32 فرحت انصاری کے پاس ملازمہ تھی۔ گھریلو ملازمہ کے جسم پر کئی سابق اور تازہ زخموں کے نشان پائے گئے چونکہ اسے ہر چھوٹی بات پر بری طرح پیٹا جاتا تھا۔ خاطیوں کوپولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور وہ 21 جنوری تک پولیس کی حراست میں رہیں گے۔
مظفر نگر فسادات، عصمت ریزی کے 22 خاطیوں کی نشاندہی
مظفر نگر ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر فسادات کی تحقیقات کر رہی ایک خصوصی ٹیم نے پھوگانا دیہات میں پیش آئے اجتماعی عصمت ریزی کے 6 واقعات میں ملوث پائے جانے والے 27 خاطیوں میں سے 22 افراد کی نشاندہی کی ہے اور مقامی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انہیں گرفتار کرے۔ پولیس نے کہا ہے کہ 27 افراد کی جانب سے مختلف شکایتیں موصول ہوئی تھیں جس پر مقدمات درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے 22 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے اور مابقی پانچ خاطیوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے مزید کہا ہے کہ 6 خواتین نے شکایت درج کرتے ہوئے کہا ہے کہ فسادات کے دوران نہ صرف ان کے مکانات نذر آتش کئے گئے بلکہ ان کی اجتماعی عصمت ریزی بھی کی گئی ہے۔ دریں اثناء ان متاثرہ خواتین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے ان کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے بموجب ان مقدمات میں تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے جبکہ قومی کمیشن برائے اقلیت نے تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔