1000 پونڈ میں بیوی کا قتل کرانے والے کو عمرقید کی سزا

لندن۔23 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بیوی کے قتل کیلئے 1000 پونڈ میں کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کرنے والے شوہر کوعمرقید کی سزا دے دی گئی،اسے کم از کم24 سال جیل میں گزارنا ہوں گے۔ 65 سالہ محمد علی نے ڈرگ ڈیلر فریڈرک بیسٹ کی خدمات اپنی بیوی43 سالہ امینہ بی بی کے قتل کیلئے حاصل کیں۔ ایوننگ اسٹینڈرڈ کے مطابق دونوں 14 سال سے رشتہ ازدواج میں منسلک تھے۔ گزشتہ سال 13 ستمبر کو جب یہ واردات ہوئی تو اس وقت محمد علی اپنے بچوں کو سکول چھوڑنے گیا تھا مگر اس کا 11 سالہ بیٹا جو اپنی سکول کی کتابیں بھول گیا تھا، جب وہ گھر واپس آیا تو اس نے دیکھا کہ اس کی ماں خون میں لت پت پڑی ہے۔ قاتل کریک کوکین کے عادی فریڈرک بیسٹ نے چاقو سے مقتولہ کے جسم پر 70 سے زائد وار کئے تھے۔ پولیس نے اس حملے کو پاگل پن قرار دیا۔ قاتل نے الزام سے انکار کیا اور دعویٰ کیا کہ اسے محمد علی نے جعلی سرقہ واردات کیلئے رقم ادا کی تھی، اسے گھر میں امینہ بی بی مردہ ملی تھی۔فریڈرک کو کم از کم30 سال کی سزا دی گئی ہے۔ ڈیٹیکٹوز نے اس یقین کا اظہار کیا کہ علی نے اپنی بیوی کے پیسوں تک رسائی کیلئے اس کے قتل کا بندوبست کیا کیونکہ اس نے خاصی بچت کی تھی۔