سنبھل ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج مرکز کی بی جے پی حکومت کو بیرونی ممالک سے کالادھن واپس لانے کے انتخابی وعدہ کو یاد دلایا اور مرکزی حکومت کو چیلنج کیا کہ اگر اس میں جرأت ہے تو وہ خفیہ بینک اکاونٹ برداروں کے ناموں کا افشاء کرے۔ کالکی مہوتوس کے افتتاح کے موقع پر ڈگ وجئے سنگھ کی یہاں آمد کے بعد انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اگر مرکزی حکومت میں ذرہ برابر بھی ہمت ہے تو وہ ان افراد کے نام بتانے بھی پس و پیش نہ کرے جن کے بیرونی ممالک کے بینکس میں خفیہ اکاونٹس ہیں۔ انہوں نے مودی کی قیادت وائی بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ انتخابی مہمات کے دوران پارٹی نے جو وعدے کئے تھے ان میں سب سے اہم وعدہ کالادھن واپس لانے کا وعدہ تھا لیکن حکومت کے 100 دن مکمل ہونے کے بعد بھی ’’اچھے دن‘‘ اب تک نہیں آئے۔ حکومت نے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ کالے دھن کو واپس لاکر ملک کے ہر فرد کے بینک اکاونٹ میں 3 لاکھ روپئے جمع کروائے جائیں گے۔ جن دھن اسکیم کے تحت اب لوگوں کے اکاونٹ کھل گئے ہیں تو انہیں اپنے اکاونٹ نمبر وزیراعظم کو روانہ کرنا چاہئے جس کے بعد تین تا پانچ لاکھ روپئے ان کے بینک اکاونٹ میں جمع کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بی جے پی قائدین سے استفسار کریںکہ روپیہ ان کے اکاونٹ میں کب آئے گا۔