نئی دہلی 9 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام )مرکز نے آج ملک بھر میں گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کو اپ گریڈ کرتے ہوئے زائد از 10 ہزار ایم بی بی ایس نشستوں کے اضافہ کی تجویز کو منظوری دے دی تا کہ ڈاکٹر ۔ مریض تناسب کو گھٹانے میںمدد کی جاسکے ۔10 ہزار کروڑ روپئے کی اس تجویز میں مرکز 7,500 کروڑ روپئے برداشت کرے گا اور ریاستوں / مرکزی زیر انتظام علاقوں کا حصہ 2,500 کروڑ روپئے رہے گا۔ کابینی کمیٹی برائے معاشی امور نے آج اپنی میٹنگ میں وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی اس تجویز کو منظوری دی کہ ریاستی حکومت / مرکزی حکومت کے موجودہ میڈیکل کالجوں کو فروغ دیتے ہوئے بیچلر آف میڈیسن اینڈ بیچلر آف سرجری (ایم بی بی ایس) کی نشستوں میںاضافہ کیا جائے۔ ایک ایم بی بی ایس نشست کی جملہ لاگت لگ بھگ 1.20 کروڑ روپئے ہوتی ہے۔