حیدرآباد 8 ستمبر ( پریس نوٹ ) تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ریاست میں آٹو ڈرائیورس سے اپیل کی کہ وہ 10 ستمبر کو مجوزہ ملک گیر بند میں حصہ لیں اور آٹو بند منائیں۔ یہ احتجاج پٹرول ‘ ڈیزل ‘ ایل پی جی اور سی این جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف منظم کیا جا رہا ہے ۔ ایک مشترکہ بیان میں محمد امان اللہ خان ‘ اے ستی ریڈی ‘ ایم اے سلیم ‘ کے لکشمی نرسیا ‘ ایم اے قدیر اور دوسروں نے پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر تنقید کی اور کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت ان قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ ان قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پٹرولیم اشیا کو بھی جی ایس ٹی کے دائرہ میں لائے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔