بنگلہ دیش سے اسمگلنگ : انتخابی کرناٹک میں تبدیلی کا منصوبہ تھا
حیدرآباد 31 مارچ ( پی ٹی آئی ) ڈارکٹوریٹ آف ریوینیو انٹلی جنس نے دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 2,000 روپئے کے نقلی نوٹ ضبط کئے ہیں جو جملہ 10 لاکھ روپئے مالیت کے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ رقم بنگلہ دیش سے ہندوستان میں منتقل کی جا رہی تھی تاکہ اسے انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست کرناٹک میں چلن میں لایا جاسکے ۔ کرناٹک میں 12 مئی کو انتخابات ہونے والے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ملزمین کو ایسٹ کوسٹ ایکسپریس ( ہوڑہ سے حیدرآباد ) ٹرین سے وشاکھاپٹنم کے قریب آج صبح گرفتار کیا گیا ۔ ان کے بیاگیج کی تلاشی لینے پر پتہ چلا کہ وہ اپنے ساتھ نقلی ہندوستانی کرنسے رکھے ہوئے ہیں جو 2,000 روپئے کی نقلی نوٹوں پر مشتمل ہے اور اس کی جملہ مالیت 10 لاکھ روپئے سے زیادہ ہے ۔ ڈی آر آئی کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ ان نوٹوں کو اخبار میں لپیٹ کر تکئے کے اندر رکھا گیا تھا ۔ تفتیش کے دوران ملزمین نے بتایا کہ انہیں یہ نوٹ ایک شخص سے ملے ہیں جس نے بنگلہ دیش سے انہیں منتقل کیا تھا اور انہیں فراکا کے مقام پر حولے کئے گئے تھے ۔ ملزمین کا تعلق بنگلورو کرناٹک سے بتایا گیا ہے ۔ تفتیش کے دوران انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ ان نوٹوں کو کرناٹک میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے کیونکہ انتخابی عمل کے دوران نوٹوں کی تبدیلی زیادہ مشکل نہیں رہ جاتی ۔