نئی دہلی 28مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے عام زمرے کے غریبوں کو دس فیصد ریزرویشن سے متعلق قانون کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سماعت 8اپریل تک ملتوی کردی ۔ جسٹس ایس اے بوبڈے کی صدارت والی بنچ نے درخواست گذاروں کی سماعت کے بعد سماعت کیلئے 8 اپریل کی تاریخ مقرر کی ۔ عدالت اس دن یہ طے کرے گی کہ معاملے کو سماعت کیلئے آئینی بنچ سے رجوع کرنا ضروری ہے نہیں۔اس سے پہلے سماعت کے دوران عرضی گذاروں غیر سرکاری تنظیم جن ہت ابھیان اور یوتھ فار ایکوالیٹی کی طرف سے سینئر وکیل راجیو دھون نے دلیل دی کہ عام زمرے کے اقتصادی طورپر پسماندہ افراد کیلئے 10 فیصد تحفظات پر روک لگائی جانی چاہئے ۔انہوں نے دلیل دی کہ آئندہ وقت میں وسیع تر تقررات ہونے ہیں۔ لیکن یہ تحفظات تشویش کا سبب ہیں ۔ ریلوے نے بھی دس فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے 8 اپریل کو معاملے کی سماعت کرنے سے اتفاق کیا۔عرضی میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی بنیاد پر ریزرویشن غیر آئینی ہے ۔ حکومت نے ضروری اعدادوشمار جمع کئے بغیر ریزرویشن کا قانون بنادیا ۔