1.4 ملین ورکرس کی خدمات کو باقاعدہ بنایا گیا

سعودی عرب میں 250 شہری ہنوز پھنسے ہوئے ہیں: ہندوستان
نئی دہلی ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں تقریباً 1.4 ملین ہندوستانی ورکرس کی خدمات کو باقاعدہ بنایا گیا ۔ 250 ورکرس کارآمد دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے اب تک پھنسے ہوئے ہیں جبکہ تقریباً 140,000 ورکرس نطاقہ پالیسی کے سبب ہندوستان واپس ہوگئے ۔ سکریٹری اوورسیز انڈین افیرس پریم نارائن نے بتایا کہ تقریباً 250 افراد غیر مکمل دستاویزات کی وجہ سے ہنوز پھنسے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے وزیر لیبر نے حال ہی میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا ۔ اس وقت ہم نے ان ورکرس کو ہندوستان واپسی کی اجازت دینے کی درخواست کی جس پر سعودی حکام نے معاملہ کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ۔ پریم نارائن نے بتایا کہ سعودی عرب میں واقع ہندوستانی مشن متاثرہ ورکرس کو ممکنہ مدد فراہم کررہا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت ہند کے بروقت اقدامات اور مضبوط سفارتی تعلقات کی وجہ سے ایک بڑا بحران ٹل گیا ۔