نئی دہلی / بنگلورو ۔ 6 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان چاہتا ہے کہ جرمنی کے ساتھ اپنے معاشی روابط و اشتراک کو نئی بلندی تک لے جائے ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے دورہ کنندہ جرمن چانسلر اینجلا مرکل کو یہ بات بتائی۔ جرمن چانسلر اس وقت ہندوستان کے سہ روزہ دورہ پر ہیں اور انہوں نے راشٹرپتی بھون پہنچ کر صدر جمہوریہ سے کل ملاقات کی ۔ پرنب مکرجی نے اپنی خیرمقدمی تقریر میں کہا کہ ہندوستان کی جانب سے جرمنی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے اور مرکل کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین ان روابط کا اظہار ہے ۔ اس دوران وزیراعظم نریندر مودی نے بنگلورو میں مہمان چانسلر اینجلا مرکل اور ان کے وفد کیلئے خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا۔ ہندوستان کے سرکردہ سی اوز اور صنعتکاروں بشمول وپرو چیرمین عظیم پریم جی ، صدرنشین ادتیہ برلا گروپ کمارا منگلم برلا، ٹاٹا کنسلٹنسی سرویسز کے سی ای او این چندر شیکھرن ، آئی سی آئی سی آئی بینک کے سی ای او چندا کوچر اور ایل این ٹی سربراہ ایم ایم نائک نے شرکت کی۔ اینجلا مرکل کا دورہ آج ختم ہوا اور وزیراعظم نریندر مودی نے اسے سودمند قرار دیا۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ جرمن لیڈر کے دورہ سے ہند۔جرمنی روابط نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔
وزیراعظم مودی اور چانسلر جرمنی انجیلا مرکل کا باش کے کارخانہ کا دورہ
بنگلورو 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور چانسلر جرمنی انجیلا مرکل نے آج جرمن آٹو موبائیل کمپنی باش کے کارخانہ کا دورہ کیا۔ دورہ کا یہ پروگرام مرکل کے تین روزہ سرکاری دورہ ہند کے پروگرام میں شامل تھا۔ اِس دورہ کا مرکز توجہ ایجادات اور مہارت کو ترقی دینا ہے۔