بہار کیلئے خصوصی درجہ کا مطالبہ غیر معقول: ارون جیٹلی

پٹنہ۔/29اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج چیف منسٹر نتیش کمار کے اس مطالبہ کو مسترد کردیا کہ بہار کو خصوصی درجہ دیا جائے ، اور بتایا کہ 14ویں فینانس کمیشن کے ذریعہ مرکز اور ریاستوں کے درمیان محاصل کی تقسیم کے بعد دستور میں اس طرح کے مطالبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے میڈیا کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ خصوصی موقف کا دور ختم ہوگیا ہے کیونکہ 14ویں فینانس کمیشن نے مرکز اور ریاستوں کے درمیان محاصل کی تقسیم اور حصہ داری کیلئے ایک فارمولہ مقرر کیا ہے ۔ بہار کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر ارون جیٹلی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جاریہ پراجکٹس کی تکمیل کیلئے 40 ہزار کروڑ کے علاوہ مزید  1.25کروڑ کے خصوصی پیاکیج کا اعلان کیا ہے۔تاہم ریاستی حکومت منفی رویہ اختیار کرتے ہوئے معلنہ پیاکیج کو پرانی اسکامات کا چربہ قرار دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں جس وقت پراجکٹس شروع کئے گئے تھے اسوقت مرکز میں کانگریس برسراقتدار تھی لیکن اس نے مطلوبہ فنڈس فراہم کرنے میں تساہل برتا تھا۔