حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) جرائم کی روک تھام اور مجرموں پر قابو پانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے مددگار ثابت ہورہے ہیں۔ رچہ کنڈہ پولیس نے کمیونٹی پولیسنگ پر عمل آوری کے لئے کمیونٹی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس رچہ کنڈہ نے کمشنریٹ حدود میں 1219ایسے مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں ایک جیسے جرائم بار بار پیش آرہے ہیں اور ان مقامات میں نشہ آور نشیلی اشیاء کا چلن بھی عام ہوتا جارہا ہے۔ پولیس نے ان مقامات پر 858 کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے۔ کمشنریٹ کی تشکیل کے بعد پولیس کی جانب سے ریاستی حکومت کو روانہ کردہ سفارش کو ہری جھنڈی دکھادی گئی ہے اور تین مرحلوں میں2234 سی سی ٹی وی کیمروں کی منظوری دی گئی ہے۔ تاہم دوسری طرف سماج سے بھی کیمروں کی تنصیب کا بہترین رد عمل حاصل ہورہا ہے اور عوام اس کی حمایت و بھرپور ستائش کررہے ہیں۔