پولنگ بوتھس میں ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی کے داخلہ پر امتناع

احکام کی خلاف ورزی پر گرفتاری کا انتباہ ‘ حساس مراکز کی ویب کاسٹنگ ‘خفیہ نگرانی
حیدرآباد ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست نیوز) بلدی انتخابات کیلئے رائے دہی کے دوران کسی بھی رکن پارلیمنٹ، رکن اسمبلی اور قانون ساز کونسل کو مراکز رائے دہی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں رہے گی۔ اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو پولیس کی جانب سے فوری طور پر انہیں حراست میں لے لیا جائے گا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے گذشتہ یوم پریس کانفرنس کے دوران یہ بات واضح کردی ہے کہ مراکز رائے دہی میں صرف انتخابی عہدیدار، رائے دہندوں، امیدواروں، پولنگ ایجنٹس اور الیکشن ایجنٹس کو داخل ہونے کی اجازت حاصل رہے گی۔ مابقی کسی بھی شخص کی جانب سے مرکز رائے دہی میں داخل ہونے کی کوشش پر فوری حراست میں لے لیا جائے گا۔ شہر میں پہلی مرتبہ پولیس نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے ذریعہ انتخابی عمل پر نگاہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس ہیڈکوارٹر میں موجود کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں شہر کے تمام علاقوں کی صورتحال کا راست مشاہدہ کیا جاتا رہے گا اور الیکشن کمیشن کی جانب سے نشاندہی کردہ 3200 مراکز رائے دہی کی راست نشریات کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر پر بھی جاری رہے گی۔ محکمہ پولیس کی جانب سے تمام علاقوں میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کو کارکرد بناتے ہوئے مسلسل ریکارڈنگ کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس نے کمیونٹی سی سی ٹی وی پراجکٹ کی مدد بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غیرجانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔ شہر حیدرآباد کے حساس علاقوں میں موجود مراکز رائے دہی میں ویب کاسٹنگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور تقریباً تمام حساس مراکز رائے دہی میں یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کے ذریعہ نہ صرف الیکشن کمیشن انتخابی عمل کی نگرانی کرے گا بلکہ محکمہ پولیس کو بھی ان نشریات سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جاتا رہے گا۔ یہ نشریات نہ صرف الیکشن کمیشن کے دفتر میں دیکھی جاسکیں گی بلکہ پولیس ہیڈکوارٹر میں موجود کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں بھی یہ راست نشریات جاری رہیں گی۔ کمشنر سٹی پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی کے بموجب شہر میں کسی بھی طرح کی ناگہانی صورتحال پر کنٹرول کیلئے خصوصی دستوں کو مستعد رکھا گیا ہے جبکہ پولیس ٹیموں کو ویڈیو کیمرہ سے لیس کرنے کے علاوہ اسمارٹ فون کیمرہ سے بھی ریکارڈنگ کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ تلبیس شخصی کو روکنے کے علاوہ نقص امن کے واقعات سے پاک رائے دہی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انتخابات کے دوران جملہ 4163 مراکز ر ائے دہی کمشنر پولیس حیدرآباد کے حدود میں قائم کئے گئے جن میں 3200 مراکز رائے دہی کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں نہ صرف اضافی دستے تعینات رہیں گے بلکہ مرکز رائے دہی سے راست نشریات کا عمل بھی جاری رہے گا۔