صدر قومی سیاسی اتحاد مہم اسمعیل باٹلی والے کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔2جنوری ( سیاست نیوز)صدرقومی سیاسی اتحاد مہم اسمعیل باٹلی والا نے قومی سطح پر بڑھتی عدم رواداری کے حالات میں مسلم سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کے متحدہ پلیٹ فارم کوضروری قراردیتے ہوئے کہاکہ اس ملک میں این ڈی اے اور یوپی اے ہے مگر مسلم سیاسی جماعتوں اور قائدین کا کوئی اتحادی پلیٹ فارم موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ایسے پلیٹ فارم کی تیاری کے لئے قومی سیاسی اتحاد مہم کاوفد ہندوستان کی تمام ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے مسلم قائدین اور دانشوروں سے ملاقات کیا اور ان کو ایک سیاسی پلیٹ فار م پر جمع ہونے کی دعوت بھی دی ہے ۔ وہ آج یہاں این ایس ایس میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہاکہ ہماری اس تحریک اور کوشش کو بہت ساری مسلم سیاسی جماعتوں ‘ دانشوروں اور مسلم قائدین کی تائید وحمایت حاصل ہوئی ہے سوائے چند ایک کہ جو کبھی کانگریس تو کبھی بی جے پی کے ہاتھوں کی کٹ پتلی بن کر مسلمانوں کے عظیم اجتماعوں کی سودے بازی کرتے ہیں۔اسمعیل باٹلی والا نے موجودہ حالات میں ایک مسلم سیاسی پلیٹ فارم کو وقت کی اہم ضرورت بتایا ہے جو آنے والے وقت میں پسماندگی کاشکار دیگر طبقات مثال کے طور پر دلت‘ مہادلت ‘ پچھڑے اور قبائیلیوں کو اپنے ساتھ لیکر ملک کی سیاست میںایک نیا انقلاب برپا کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ جو سیاسی جماعتیں ہماری تجاویز اور دعوت نامہ سے ناخوش ہیںان کے لئے بھی ہم نے اتحادی پلیٹ فارم کے دروازے کھلے رکھے ہیںمگر جاریہ سال کے اپریل میںہونے والے اہم جلسہ عام کے بعد ہم قومی سیاسی اتحاد مہم کے نظریہ کو قبول نہ کرنے والی مسلم سیاسی جماعتوں او رقائدین کے اصلی چہروں کو بے نقاب کرنے کاکام کریںگے ۔قومی صدرعوامی وکاس پارٹی شمشیرخان آزاد نے بھی اس موقع قومی سیاسی اتحاد مہم کی حمایت کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میںمسلمانوں کودرپیش مسائل کے حل کے لئے اس قسم کے اتحادی پلیٹ فارم کو معاون قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ بارہ فیصد تحفظات کے حساس مسئلہ کا حل مسلمانوں کے حالات کو تبدیل کرنے میںمددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے آلیر انکاونٹر کے نام پر پانچ مسلم نوجوانوں کے قتل عام پر بھی شدید برہمی کااظہار کیا او رکہاکہ اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی پانچ بے قصور مسلم نوجوانوں کو انکاونٹر کے نام پرموت کے گھاٹ اتاردیاگیا۔ شمشیر خان نے نئی ریاست تلنگانہ میںمسلمانوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر مسلم جماعتوں اور سیاسی قائدین کی خاموشی کو بھی اپنی شد یدتنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوںنے کہاکہ قومی سیاسی اتحاداور عوامی وکاس پارٹی ہندوستان کی ہر ریاست او رشہر میںمسلمانو ںکے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو طاقتور بنانے کی کوشش کرے گی تاکہ مسلمانوں کے ہاتھوں مسلم سماج کے ہونے والے استحصال کو روکا جاسکے۔صلاح الدین مجاہد مہارشٹرا‘ جناب عبدالنبی‘ مہارشٹرا‘ اکبر جے ڈی گلبرگہ‘ ڈاکٹرعبدالصمد صمدانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔