غیر قانونی اسلحہ ساز فیکٹری پر دھاوا

ایٹا ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پولیس نے پرولی گاوں میں ایک غیر قانونی اسلحہ ساز فیکٹری کا پتہ چلانے کا ادعا کیا ہے ۔ سب انسپکٹر کیلاش چندرا نے بتایا کہ غیر قانونی فیکٹری پر کل دھاوا کر کے متعدد دیسی ساختہ پستول اور اسلحہ سازی کے آوزار ضبط کرلیے گئے ۔ اس موقعہ پر 2 دیہاتیوں اودھیش اور بابو رام کو گرفتار کرلیا گیا لیکن دیگر مشتبہ افراد فرار ہوگئے ۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ ملزمین نے اقبال جرم کیا ہے کہ وہ ایک عرصہ سے ہتھیاروں کا غیر قانونی کاروبار کررہے ہیں اور ایک پستول 4000 تا 6000 روپئے میں فروخت کرتے تھے ۔
پنجاب میں آشنا اور داشتہ کی خود کشی
پٹھان کوٹ ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ناجائز تعلقات کے افشاء کے خوف سے ایک شادی شدہ خاتون اور ایک نوجوان نے آج زہریلی اشیاء کھا کر خود کشی کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ موضع کوتھے کھیلا میں پیش آیا جبکہ مہلوکین کی بحیثیت 28 سالہ جیوتی اور 21 سالہ بلیر کمار شناخت کرلی گئی ۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہیکہ چند ماہ قبل جیوتی اور اس کے پڑوسی نوجوان بلیر کمار کے درمیان ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے ۔ جب دیہاتیوں کو اس کا علم ہوا تو انہوں نے اعتراض کیا تھا جس پر دونوں نے اپنی توہین تصور کرتے ہوئے خود کشی کرلی ۔