حیدرآباد میں 4سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کا قیام

چنچلگوڑہ جیل اور ریس کورس کی منتقلی، کے سی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/25جنوری، ( پریس نوٹ ) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ورنگل سٹی میں ہیلت یونیورسٹی کے ساتھ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل اور حیدرآباد میں چار سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس جاریہ سال کے ختم تک تعمیر کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے ورنگل جیل، حیدرآباد ریس کورس اور چنچلگوڑہ جیل کو مختلف مقامات پر منتقل کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹلس کے قیام کیلئے فنڈس جاریہ سال بجٹ میں مختص کئے جانے چاہیئے۔ انہوں نے آج پرگتی بھون میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے قیام اور جیلوں و حیدرآباد ریس کورس کی منتقلی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی، حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما، چیف سکریٹری ایس پی سنگھ، سینئر عہدیدار راجیو ترویدی، تیواری، رام کرشنا راؤ، ایس نرسنگ راؤ، کالوجی ہیلت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر کروناکر، ڈی جی پی انوراگ شرما، کمشنر پولیس مہیندر ریڈی اور دوسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف منسٹر نے ورنگل سنٹرل جیل کے احاطہ کو جو کاکتیہ میڈیکل کالج سے متصل ہے کیمپس میں تبدیل کرنے اور یہاں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل، ہیلت یونیورسٹی اور میٹرنٹی بلاک تعمیر کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو اس ضمن میں تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل جیل کو شہر کے مضافات میں منتقل کیا جانا چاہیئے۔ ورنگل ایم جی ایم ہاسپٹل کو بھی فروغ دینے کی بھی ضرورت ظاہر کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چنچلگوڑہ جیل اور حیدرآباد ریس کورس کو منتقل کرتے ہوئے یہاں رہائشی تعلیمی ادارے اور عوام کیلئے فائدہ مند ادارے قائم کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں بھی عہدیداروں کو تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی۔