تبلیغی جماعت کا اجتماع ، شاہراہوں پر ٹریفک جام

ہر طرف سروں کا سمندر، پولیس اور والینٹرس کو ٹریفک بحالی میں مشکلات
حیدرآباد 22 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں جاری سہ روزہ اجتماع دعوت و تبلیغ کے دوسرے دن آج اجتماع گاہ پہنچنے والے تمام راستوں پر ٹریفک کے مسائل دیکھے گئے۔ آج اتوار کی تعطیل کے سبب دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مسلمانوں کی بڑی تعداد نے اجتماع گاہ پہنچی تاکہ درس و تدریس و تربیت کے عمل میں حصہ لے سکیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی مسلمانوں کی بڑی تعداد اجتماع گاہ کا رُخ کرتی دیکھی گئی۔ دوپہر میں نماز ظہر سے قبل چندرائن گٹہ چوراہے پر زائد از ایک گھنٹہ ٹریفک جام رہی۔ چونکہ ہر کوئی اجتماع گاہ کی سمت رواں تھا۔ شاہین نگر، اسمٰعیل نگر، بنڈلہ گوڑہ کی سڑکوں پر بھی ٹریفک جام رہی اور محکمہ پولیس اور ٹریفک کو بحال کرنے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں۔ ٹریفک پولیس کے علاوہ شاہین نگر، بنڈلہ گوڑہ اور اسمٰعیل نگر کے قریب تبلیغی جماعت کے رضاکاروں کو ٹریفک بحال کرنے میں مصروف دیکھا گیا۔ اجتماع گاہ میں ہر طرف سروں کا سمندر نظر آرہا تھا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں لوگ جوق درجوق اجتماع گاہ پہنچ رہے تھے۔ نماز فجر کے وقت بھی روح پرور نظارے دیکھے گئے۔ فرزندان توحید کی بڑی تعداد کو اطراف و اکناف کے علاقوں میں گاڑیاں پارک کرنے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے پہاڑی شریف سے ایرپورٹ جانے والی مرکزی شاہراہ پر کھڑی کی گئی گاڑیوں کو اٹھا لیا گیا تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنایا جاسکے۔ شہر کے علاوہ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں سے بھی آج بندگان خدا کی بڑی تعداد اجتماع میں شرکت کے لئے شہر پہنچی۔ لاکھوں کی تعداد میں بندگان خدا کی موجودگی میں دعوت و تبلیغ کے لئے تشکیل اور تربیت کا عمل جاری رہا۔