آسٹریلیائی نوحہ خوان حیدر بیگ کی سی ڈی کی اجرائی ۔ جناب زاہد علی خاں کا خطاب

حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : دعوت اسلام کا مقصد وہ ارتقائے انسانیت ہے جو انسان کو عصبیت اور بہیمیت سے بلند تر کرتا ہو ۔ تاریخ انسانیت شاہد ہے کہ امام حسینؓ نے عاشورہ کے دن کربلا کے میدان میں جو پیغام انسانیت سے نوازا ہے وہ دنیا کے آخری غروب آفتاب تک زندہ و تابندہ رہے گا ۔ جناب زاہد علی خاں نے آج شام دفتر سیاست میں آسٹریلیائی نوحہ خواں حیدر بیگ کی سی ڈی کا اجراء انجام دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر حساس دل نے شہیدان کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ آسٹریلیا کے جواں سال نوحہ خواں حیدر بیگ نے عالمی شہرت یافتہ نوحہ خواں ندیم سرور سے فنی تربیت حاصل کرنے کے بعد نوحہ خوانی کے فن میں جدت پیدا کرتے ہوئے جو منفرد راہ اختیار کی ہے وہ لائق تحسین ہے ۔ معروف ادیب ، شاعر و صحافی جناب تقی عسکری ولا نے کہا کہ عصر حاضر میں نوحہ و ماتم کا ارتباط حسینی مشن کی تبلیغ کا موثر ہتھیار ہے ۔ جناب حیدر بیگ نے اس حوصلہ افزائی پر جناب زاہد علی خاں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر حیدر بیگ کے جدامجد و سابق منیجر آندھرا بنک میر نقی عسکری ، مولانا میر محمد علی حال مقیم ایران ، جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ ، جناب علی رضا لیڈر بھی موجود تھے ۔۔
سیرت الزہرا کمیٹی کے مجالس کا آغازمولانا محمد علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جناب علی رضا صدر مرکزی سیرت الزہرا کمیٹی کے بموجب 70 سالہ قدیم مرکزی مجالس عشرہ محرم بسلسلہ عزا داری حضرت امام حسین بناکردہ مولوی مرزا ابوالحسن تبریزی کو مہمان ذاکر اہلبیت مولانا میر محمد علی مقیم ایران بعنوان ’حضرت امام حسین وارث انبیاء ہیں ‘ یکم تا 9 محرم 6-30 بجے شام ( بعد نماز مغربین) عزا داروں کے کثیر اجتماع سے خطاب کررہے ہیں ۔ قبل ازیں مسرس میر ضامن علی رضوی جعفر علی ( المعروف جفو بھائی ) سید حیدر رضا متین سلام و مرثیہ پیش کررہے ہیں ۔ جناب علی رضا صدر کمیٹی نے عقیدت مندوں سے شرکت کی گزارش کی ہے ۔۔