فوڈ سیکوریٹی اسکیم میں 35 کیلو چاول فی خاندان کی فراہمی ۔ اسمبلی میں متعلقہ وزیر کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) حکومت آئندہ ماہ نئے راشن کارڈس کی تقسیم کے عمل کا آغاز کرے گی۔ نئے فوڈ سیکوریٹی کارڈس کے متعلق حکومت نے آج ایوان قانون ساز کونسل میں سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 89 لاکھ 94 ہزار 666 فوڈ سیکوریٹی کارڈس کے ذریعہ 2 کروڑ 82 لاکھ 59 ہزار 950 افراد کا احاطہ کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے بموجب رعایتی قیمت پر چاول کی سربراہی کیلئے 2 کروڑ 82 لاکھ 59 ہزار 950 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اسی طرح مسٹر پی سدھاکر ریڈی رکن قانون ساز کونسل کے سوال میں اس بات کا بھی استفسار کیا گیا تھا کہ فوڈ سیکوریٹی کارڈ رکھنے والے خاندانوں یا افراد کو کونسی کونسی اشیاء رعایتی قیمتوں پر فراہم کی جارہی ہے، جس کے جواب میں حکومت نے بتایا کہ چاول، گیہوں، گیہوں کا آٹا، مسور دال، شکر، املی، مرچ پاوڈر، نمک، ہلدی پاوڈر اور کیروسین رعایتی قیمتوں پر فراہم کیا جارہا ہے۔ مسٹر ایس راملو نائیک نے ریاست میں فوڈ سیکوریٹی اسکیم میں چاول کی سربراہی کے متعلق استفسار کیا تھا جس پر حکومت نے تحریری جواب کے دوران بتایا کہ 35 کیلو چاول فی خاندان فراہم کیا جارہا ہے اور جملہ ایک لاکھ 11 ہزار 321 میٹرک ٹن چاول کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔ اس تفصیل کے متعلق اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے حکومت نے اناپورنا اسکیم، فوڈ سیکوریٹی کارڈ و دیگر اسکیمات کے تحت چاول حاصل کرنے والے خاندانوں کی تفصیل پیش کی۔ حکومت نے بتایا کہ کالا بازاری پر کنٹرول کرنے کے علاوہ ان اسکیمات کے تحت فراہم کئے جانے والے چاولوں کی فروخت کو روکنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اور جو لوگ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں ان کے خلاف ای سی ایکٹ کے علاوہ دیگر فوجداری دفعات کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔