امیٹھی ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے رشوت ستانی پر نریندر مودی کی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے آج کہا کہ رشوت ستانی کے الزام لگانے والے خود اپنی گردن تک رشوت میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ وہ اپنی زیر اقتدار ریاستوں میں رشوت ستانی کے ذمہ داروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے عوام کو واقف کروائے اور بتایا جائے کہ رشوت خوروں کو بی جے پی نے اپنی ریاستوں میں کیا سزا دی ہے ۔ کانگریس کی صدر نے امیٹھی میں اپنے فرزند راہول گاندھی کے لیے مہم چلاتے ہوئے کہا کہ ’ ان کے فرزند نے گاندھیوں کی کرم بھومی ( امیٹھی ) میں سخت محنت ، جانفشانی اور دلجوئی کے ساتھ کام کیا ۔ راہول اور پرینکا کو اس حلقہ کے عوام کی طرف سے دی گئی محبت کا موثر جواب و صلہ دیا ۔ غالبا یہ پہلا شاذ و نادر موقع تھا کہ سونیا گاندھی نے اپنی پارٹی کی ریلی میں پرینکا کا نام لیا ۔
کانگریس کا ایک گوشہ ان ( سونیا گاندھی ) کی دختر کو پارٹی میں اہم رول دینے کے لیے اصرار کررہا ہے ۔ کانگریس کے خلاف رشوت کے الزامات عائد کرنے والی بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ (بی جے پی ) ہمارے خلاف ہر قسم کی بہتان تراشی کررہے ہیں ۔ انہوں نے ایک بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’خود گردن تک رشوت ستانی میں ڈوبے ہوئے ہیں آج ہم پر الزام تراشی کرنے لگے ہیں ۔ کانگریس نے قانون حق معلومات ( آر ٹی آئی ) دیا جس کے ذریعہ رشوت کے کئی واقعات بے نقاب ہونے اور خاطی پائے جانے والوں کو سزائیں دی گئیں ۔ میں بی جے پی کو چیلنج کرتی ہوں کہ بتائیں بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں کیا کارروائی کی گئی ؟ وہاں کچھ نہیں کیا گیا ‘ ۔۔