بھوپال 22 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عیدالضحی سے قبل جانوروں کے تحفظ کے نام پر مہم چلانے والوں کو آج بھوپال میں عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑا اور اس دوران ایک پولیس کانسٹیبل اور ایک کارکن زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب پیٹا کارکنوں نے بھوپال کی تاریخی تاج المساجد کے قریبی علاقہ میں مسلمانوں سے ملاقات کرتے ہوئے اس بار عیدالضحی ’’ ویجیٹیرین ‘‘ منانے کی اپیل کی تھی ۔ کچھ کارکن برقع پہنے ہوئے مسلم علاقوں میں یہ مہم چلا رہے تھے ۔ انہوں نے کچھ پلے کارڈز بھی ساتھ رکھے تھے جن میں اردو اور انگریزی میں تحریریں تھیں اور ان میں کہا گیا تھا کہ عید سب کیلئے خوشیوں والی بنانے اس بار ویجیٹیرین منائی جانی چاہئے ۔ اس موقع پر مقامی عوام نے اس مہم کے خلاف احتجاج کیا اور نعرہ بھی لگائے ۔ انہوں نے پیٹا کارکنوں کو واپس چلے جانے کو بھی کہا ۔ اس موقع پر ہوئی دھکم پیل میں ایک پولیس کانسٹیبل اور ایک پیٹا والینٹر زخمی بھی ہوا ہے ۔