نئی دہلی ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : بی جے پی نے آج وزیر اعلی یو پی اکھیلیش یادو سے ان کے کابینی وزیر محمد اعظم خاں کی جانب سے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد نہ دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنانے کے خلاف معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پارٹی نے اس موقع پر یو پی کے وزیر شہری ترقیات اعظم خان کی جانب سے ایک تقریب میں اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’ چھوٹے دل ‘ کا قرار دیا تھا جس کا حوالہ پارٹی نے دیا ہے ۔ بی جے پی ترجمان وجئے بہادر پاٹھک نے 6 اکٹوبر ( عید الاضحی کا دن ) کو وزیر اعظم کی جانب سے جاری کئے گئے ایک پیغام کا حوالہ دیا اور کہا کہ وزیراعظم نے مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دی تھی ۔ آخر اس فرضی اور بے بنیاد پروپگنڈہ کے ذریعہ اعظم خان ثابت کیا کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے اپنی یہ خراب عادت بنالی ہے کہ جب دل میں آیا وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنادیا ۔ وزیر اعظم کی جانب سے عیدالاضحی کی مبارکباد نہ دینے کا الزام بالکل غلط ہے ۔ لہذا اعظم خاں کو اس کی وضاحت کرنا چاہئے کہ آخر وہ عوام کو گمراہ کیوں کررہے ہیں ۔ ہم منتظر ہیں کہ اس معاملہ میں وزیر اعلی اکھیلیش یادو کیا فرماتے ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران بھی اعظم خاں نے نریندر مودی کو متعدد بار تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا ۔۔