’’ ہندوستان کی بدلتی ہواؤں سے فائدہ اُٹھائیں‘‘

شنگھائی۔/16مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے چینی سرمایہ کاروں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے آج کہا کہ وہ ( چینی سرمایہ کار) ہندوستان میںبدلتی ہوئی ہواؤں سے فائدہ اٹھائیں جہاں پہلے سے کہیں زیادہ شفاف، بروقت ردعمل، جوابدہی اور مستحکم ضابطہ نافذ العمل ہے۔ اس دوران دونوں ممالک نے زائد از22ارب امریکی ڈالر مالیتی26 معاملتوں کیلئے دستخط کئے ہیں۔ مودی نے یہاں علی بابا گروپ کے چیرمین جیک ما کے بشمول چین کی 20سرکردہ کمپنیوں کے سی ای اوز کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ چینی کمپنیوں کے لئے یہ ایک تاریخی موقع ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم صنعتی و تجارتی ماحول کو ساز گار بنانے کے عہد کے پابند ہیں۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اگر آپ ایک مرتبہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیں تو ہمیں بھروسہ ہے کہ آپ خود کو زیادہ سے زیادہ آرام و اطمینان محسوس کرسکیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ ہندوستان تجارت کیلئے تیار ہے۔ آپ کو چاہیئے کہ ہندوستان میں بدلتی ہوئی ہواؤں کو محسوس کریں۔ میں آپ کو مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ ایک مرتبہ ہندوستان آئیں اور اس فضاء کو محسوس کریں۔‘‘ انہوں نے چین کے صنعتی، تجارتی و مالیاتی مرکز سمجھے جانے والے شہر شنگھائی میں سرکردہ صنعتکاروں سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ ’’ آپ ( چین ) دنیا کی ’’ فیکٹری ‘‘ ہیں اور ہم ( ہندوستان ) دنیا کا ’’ ایک آفس ‘‘ ہیں۔ آپ ہارڈ ویر کی پیداوار پر توجہ مرکوز کریں اور ہندوستان سافٹ ویر اور خدمات پر توجہ مرکوز کرسکتا ہے۔‘‘ ہندوستان کے اڈانی گروپ اور بھارتی ایرٹل نے چینی اداروں کے ساتھ فی کس تین سمجھوتوں پر دستخط کئے۔