ممبئی۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ کے جمپنگ جیک کہلائے جانے والے اداکار جتیندر آج کل فلمی پردے پر نظر نہیں آتے لیکن ایک زمانہ تھا کہ بالی ووڈ میں ان کا طوطی بولتا تھا۔ یہ بات نہیں کہ پروڈیوسرس انہیں اپنی فلموں میں لینا نہیں چاہتے بلکہ خود جتیندر کے انکار کی وجہ سے پروڈیوسرس کو آج بھی مایوس ہوناپڑتا ہے۔ آنجہانی سنجیو کمار کے بعد بوڑھے آدمی کے سب سے زیادہ رولس جتیندرنے ہی کئے ہیں اور آگے بھی وہ اپنی عمر کے مطابق اداکاری کرنے میں کسی سے کم نہیں۔ البتہ اُن کے بیٹے تشار کپور کو وہ کامیابی نہیں ملی جو جتیندر کے حصہ میں آئی، لیکن بیٹے کی کمی بیٹی ایکتا کپور نے پوری کردی۔
بالاجی ٹیلی فلمز کے ذریعہ آج انھیں ’’ سوپ اوپیراز کی کوئین ‘‘ کہا جاتا ہے اور انہوں نے ٹی وی سیریلس کے ذریعہ زبردست کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے فلمیں بھی بنائی ہیں۔ جتیندر سے جب ان کے گزرے ہوئے زمانے اور شوٹنگس کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ انہیں’’ گناہوں کا دیوتا ‘‘ فلم کی آؤٹ ڈور شوٹنگ کے دوران بہت مزہ آیا تھا جب راجشری اور ان پر ’’ ہم کو تو برباد کیا ہے اور کسے برباد کرو گے ‘‘ فلمایا گیا تھا۔ مرحوم محمود صاحب بھی اس فلم کا حصہ تھے۔ جتندر نے کہا کہ ان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ سب سے زیادہ ہینڈسم’ گناہوں کا دیوتا‘ میں نظر آئے تھے۔ اور اس کے بعد فلم ’ فرض ‘ میں جتیندر اپنی جوانی کے عالم میں تھے۔