’’ کِل دِل‘‘ میں گووندہ ویلن کے رول میں

ممبئی۔/21اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے وقت کے ڈانسنگ اداکار گووندہ آج کل ہیرو کے رول میں زیادہ نظر نہیں آرہے ہیں بلکہ کچھ فلموں میں تو انہوں نے مہمان اداکار کے طور پر بھی اپنا جلوہ دکھاچکے ہیں۔ اب حیرت انگیز طور پر وہ یش راج فلمز بیانر کی اگلی فلم ’’ کِل دِل ‘‘ میں ویلن کے طور پر نظر آئیں گے۔ اس موقع پر جب گووندہ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیہ سنیتا کے کہنے پر انہوں نے ویلن کا رول قبول کیا ہے۔ سنیتا کہا کرتی تھی کہ گھر میں بے کار بیٹھنے سے اچھا ہے کہ جو رول مل جائے وہ کرلو ، خصوصی طور پر یش راج فلمز کا بیانر تمہیں ( گووندہ ) ضائع نہیں کرے گا کیونکہ یہ ایک ایسا بیانر ہے جس نے کئی ایکٹروں کے کیریئرس کو چار چاند لگادیئے ۔ اگر ویلن کا رول بھی ہے تو وہ اچھا ہی ہوگا۔ لہذا آئندہ ماہ ریلیز ہونے والی اس فلم میں گووندہ کے علاوہ رنویر سنگھ، علی ظفر اور پرینیتی چوپڑہ نظر آئیں گے۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ گووندہ ایک ایسے اداکار ہیں جو کامیڈی کے علاوہ بہترین ڈانس بھی کرتے ہیں۔