ریل کرایوں کے بعد ڈیزل اور ایل پی جی قیمتوں میں بھی اضافہ کا اندیشہ : پرکاش کرت
وجئے واڑہ /4 جولائی ( پی ٹی آئی ) سی پی آئی ( ایم ) کے قومی جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج کہا کہ نریندر مودی حکومت افراط زر پر قابو پانے میں ناکام ہوگئے ہے اور اس حکومت کے حالیہ چند فیصلوں سے عوام پر بوجھ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ پرکاش کرت نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ، ریلوے کرایوں میں اضافہ کے ذریعہ عام آدمی پر بوجھ میں پہلے ہی اضافہ کرچکی ہے اور ہمیں یہ بھی اندیشہ ہے کہ اب ڈیزل اور پکوان گیس ( ایل پی جی ) کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔ حکومت بالخصوص ضروری اشیاء کی قیمتوں اور افراط زر پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پٹرولیم اشیاء پر ٹیکس اور ڈیوٹیز میں کمی عوام پر مہنگائی کے بوجھ کو کم کرسکتی تھی ۔ پرکاش کرت نے اس اندیشہ کا اظہار بھی کیا کہ این ڈی اے حکومت قومی دیہی ضمانت روزگار قانون و فنڈز میں تخفیف کرسکتی ہے ۔ یہ اسکیم سابق یو پی اے حکومت کی فلیگ شپ اسکیمات میں شامل تھی ۔ سی پی آئی ( ایم ) کے کارکنوں کو قتل کرنے اور ان کی عورتوں کی عصمت ریزی کرنے سے متعلق ترمونل کانگریس کے لیڈر تپس پال کی حالیہ دھمکی کا حوالہ دیتے ہوئے پرکاش کرت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مغربی بنگال پولیس تشدد بھڑکانے اور اس میں ملحوظ ہونے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ پرکاش کرت نے کہا کہ مغربی بنگال میں بائیں بازو جماعتوں کے کارکن اور حامی ان دونوں ترنومل کانگریس کے ’ حملے ‘ کی زد میں ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے مغربی بنگال حکومت سے مطالبہ کیا کہ تپس پال کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔ پرکاش کرت نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ ممتا بنرجی نے تپس پال کی جانب سے معذرت خواہی کے اظہار کے بعد ان (پال ) کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی ( ا یم ) اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھائے گی ۔