حیدرآباد۔29جون ( پی ٹی آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ نے ’’ للت گیٹ‘‘ کے مسئلہ اور وزیر خارجہ سشما سوراج اور راجستھان کی چیف منسٹر وسندھرا راجے کے خلاف الزامات کے بارے میں وزیراعظم نریندر مودی کی خاموش پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ( نریندر مودی) نے ’’ من کی بات ‘‘ پروگرام میں یوگا ‘ ماحولیات ‘ خواتین اور اپنے من کی تمام باتوں پر اظہار خیال کیا ہے جو ٹھیک ہے لیکن انہوں نے ’’ للت گیٹ‘‘ کو یاد نہیں کیا ۔ ہنمنت راؤ نے یاد دلایا کہ یو پی اے دور حکومت میں پون کمار بنسل ‘ ششی تھرور اور اشوین کمار جیسے کانگریس قائدین نے اپنے خلاف الزامات عائد کئے جانے کے بعد مرکزی مجلس وزراء سے استعفیٰ دیدیا تھا ۔ للت مودی سے روابط پر سشما سوراج اور وسندھرا راجے سندھیا پر اپوزیشن کی تنقید کی جارہی ہیں اور استعفیٰ کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ہنمنت راؤ نے ایک الگ مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے حیدرآباد کے غزل گلوکار وٹھل راؤ کے خاندان کی مالی مدد کیلئے حکومت تلنگانہ پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وٹھل راؤ کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے اور ان کا خاندان مالی پریشانیوں کا شکار ہے جن کی مدد کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے ’’ غزل چیاریٹی نائٹ ‘‘ منعقد کی جاسکتی ہے ۔