’’ فائنڈنگ فینی ‘‘ بور کرنے والی فلم نہیں: نصیر الدین شاہ

ممبئی۔/12ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ کے سینئر اور نامور اداکار نصیر الدین شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے طویل فلمی کیریئر میں ہر طرح کے رول نبھانے کا تجربہ کیا ہے اور اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ ایک ایکٹر کے لئے ایکٹنگ کی پیاس کبھی نہیں بجھتی۔ چاہے وہ جیسا بھی کردار ادا کرے ، اسے خوب سے خوب تر کی جستجو رہتی ہے۔ یاد رہے کہ 12ستمبر کو ا ن کی نئی فلم ’’ فائنڈنگ فینی ‘‘ ریلیز ہورہی ہے جو اپنے نام سے ہی کچھ عجیب معلوم ہوتی ہے لیکن نصیرالدین شاہ کا کہنا ہے کہ فلم بین اس فلم سے ضرور لطف اندوز ہوں گے کیونکہ کہانی کو اس انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ بوریت کے عنصر کیلئے کوئی جگہ ہی باقی نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ وہ فلم کی کہانی سے متعلق مزید تفصیلات بتانا نہیں چاہتے۔ فلم بین سب سے بڑے جج ہوتے ہیں۔ وہی فلم کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ فلم اچھی ہے، اوسط ہے یا خراب ہے۔ فلم میں نصیر الدین شاہ کے علاوہ ڈمپل کپاڈیہ، پنکج کپور، ارجن کپور اور دیپکا پڈوکون نے اہم کردار نبھائے ہیں جو یقینا ایک اچھی کاسٹ والی فلم کہی جاسکتی ہے۔ نصیر الدین نے کہا کہ انہیں اپنی کمرشیل فلموں میں’ تری دیو ‘ سب سے زیادہ پسند ہے جبکہ ’ مہرہ ‘ میں بھی ان کے رول کی ستائش کی گئی تھی۔