’’ سوپر نانی ‘‘70 ، 80کے دہے کی یاد دلاتی ہے: انوپم کھیر

ممبئی۔/6نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ ایکٹر انوپم کھیر نے کہا کہ ’ سوپر نانی ‘ دیکھ کر فلم فینوں کو 70ء اور 80ء کے دہائی کی فیملی فلمیں یاد آجائیں گی۔ یاد رہے کہ اندر کمار کی نئی فلم ’’ سوپر نانی ‘‘ اس وقت اچھا بزنس کررہی ہے جس میں کامیڈی کے ساتھ ساتھ جذباتی مناظر بھی ہیں جو دیکھنے والوں کو آبدیدہ کردیتے ہیں۔ انوپم کھیر اندر کمار کی قبل ازیں بنائی گئی فلم ’دل ‘ جس میں عامر خان ہیرو تھے اور ’ بیٹا ‘ جس میں انیل کپور ہیرو تھے، میں کام کرچکے ہیں۔ اندر کمار نے انہیں ’ سوپر نانی ‘ میں ایک انوکھا رول پیش کیا ہے جس سے یقینا فلم بین محظوظ ہوں گے ۔ ریکھا کو بھی ایک عرصہ بعد کوئی مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے۔ انوپم کھیر کا کہنا ہے کہ فلم دیکھ کر تھوڑی دیر کے لئے فلم بینوں کو ریکھا کی ’ خون بھری مانگ‘ کی یاد آسکتی ہے لیکن دونوں فلموں میں کافی فرق ہے۔ ریکھا کے شوہر کے روپ میں رندھیر کپور بھی پوری فلم میں جلوہ گر ہیں اور ان دونوں کے بچوں کے رول میں جن اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے انہوں نے بھی اچھی اداکاری کی ہے جبکہ شرمن جوشی بھی ریکھا کے نواسے کے رول میں لاجواب ہیں۔