واشنگٹن ۔ 26 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) لیبیا میں اسلامی عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر متحدہ عرب امارات کے حملے سے امریکہ کو حیرت ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق لیبیائی دارالحکومت طرابلس میں ہوائی اڈے کے قریب یہ حملے امارات نے مصر کے اندر واقع اڈوں سے کئے تھے۔مصر نے اپنے ملوث ہونے کی تردید کی ہے جب کہ امارات نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ایک عسکریت پسند گروہ نے ایک ماہ تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد حال ہی میں طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قبضہ کر لیا تھا۔ ایک سینئر عہدیدار نے میڈیا کوبتایا کہ امریکہ کو اس فضائی حملے کے بارے میں اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا، اور انھوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اس میں ممکنہ طور پر فروخت کے معاہدے کے برخلاف امریکی اسلحہ استعمال کیا گیا ہو گا۔غیرشناخت شدہ جہازوں نے گذشتہ ہفتے میں طرابلس کے ہوائی اڈے پر دو بار حملہ کیا تھا۔ نیویارک ٹائمز میں پیر کو شائع رپورٹ کے مطابق یہ جہاز امارات کے تھے جب کہ مصر نے انھیں اپنے ہوائی اڈوں تک رسائی دی تھی۔