نئی دہلی۔/4فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مزید 40 ممالک جہاں آمد کے ساتھ ہی ٹورسٹ ویزا جاری کیا جائے گا اور ان میں امریکہ، برطانیہ اور جرمنی بھی شامل ہیں اور کچھ عرصہ قبل حالانکہ یہ فیصلہ مشکل نظر آتا تھا لیکن اب یہ ایک حقیقت کے روپ میں سامنے آئے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پلان پیانل نے کل متعلقہ وزراء کا ایک اجلاس طلب کیا ہے جس کے دریعہ اس راہ میں موجود دیگر مشکلات کا بھی ازالہ کرلیا جائے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ یہ تجویز وزارت داخلہ کے تذبذب کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی کیونکہ وزارت داخلہ نے 40ممالک کے لئے آمد پر ویزہ‘‘ کے فیصلہ پر آمادگی کا اظہار نہیں کیا تھا۔ دریں اثناء ایک سرکاری ذریعہ نے بتایا کہ اجلاس طلب کرنے کا واحد مقصد مذکورہ تجویز پر وزارت اُمور داخلہ کی رائے معلوم کرنا ہے کیونکہ مزید 40 ممالک کے لئے آمد پر ویزہ پر صرف اسی وقت عمل آوری کی جاسکتی ہے جب وزارت اُمور داخلہ کی جانب سے اس کی توثیق ہوجائے
جبکہ دیگر تمام وزارتیں اور محکمہ جات بشمول سیاحت، اُمور خارجہ، وزیر اعظم کا دفتر اور قومی سلامتی مشیر مزید 40ممالک کیلئے ان سہولتوں کو توسیع دینے کے حامی ہیں۔ گذشتہ سال اکٹوبر میں کمیشن نے اس تجویز پر تبادلہ خیال کیلئے اجلاس منعقد کیا تھا جس میں منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدر نشین مونٹیک سنگھ اہلوالیہ، معتمد خارجہ سجاتا سنگھ، ٹورازم سکریٹری پرویز دیوان، ایڈیشنل معتمد داخلہ، انٹلیجنس بیوریو اور وزیر اعظم کے دفتر کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ اب تمام افسران کل بھی ملاقات کرنے والے ہیں تاکہ اس معاملہ پر کی گئی اب تک کی کارروائی اور اس کے موجودہ موقف پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ وزیر منصوبہ بندی راجیو شکلاء نے بھی توقع ظاہر کی تھی کہ اس تجویز کو منظور کرلیا جائے گا کیونکہ اگر اس تجویز کو منظور کرنے کی راہ میں کوئی دشواری ہے تو وزارت داخلہ کی جانب سے اس کی قطعی اور آخری منظوری ہے جو یقیناحاصل ہوجائے گی کیونکہ وزارت داخلہ کی جانب سے کلیرنس ملنا ضروری ہے۔