جب شکست کا احساس ہوتا ہے تو کھیل میں بے ایمانی کی باتیں کی جاتی ہیں : شرد یادو
پٹنہ ۔ 5 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جے ڈی ( ایم ) کے صدر شرد یادو نے الیکشن کمیشن سے سوال کئے جانے پر آج نریندر مودی کی سخت مذمت کی اور کہا کہ ان کے اس طرز عمل سے لوک سبھا انتخابات میں اپنی شکست کے احساس کا اظہار ہوگیا ہے ۔ مغربی بنگال ، بہار اور مغربی اترپردیش میں ’’بوگس رائے دہی اور تشدد ‘‘ روکنے میں الیکشن کمیشن کی ناکامی سے متعلق نریندر مودی کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے شرد یادو نے کہاکہ ’’(نریندر مودی) اب زمین پر آگئے ہیں ‘‘۔ جے ڈی ( یو ) سربراہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’لوگوں کو جب اپنی شکست کا احساس ہوجاتا ہے وہ کھیل میں بے ایمانی کی باتیں کرنا شروع کیا کرتے ہیں‘‘۔ شرد یادو نے آزاد و منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ ساری دنیا سے اس کی ستائش کی جارہی ہے جو الیکشن کمیشن کو چیلنج کررہی ہیں وہ نادان ہیں اور اس ( الیکشن کمیشن) کی ساکھ و صداقت کو نقصان پہونچانے کے درپے ہیں۔ رابڑی دیوی کی گاڑی کی تلاشی کے مسئلہ پر آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو کی انتخابی حکام سے لفظی جھڑپ کو شرد یادو نے الیکشن کمیشن کی بداحترامی کی دوسری مثال قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’حتیٰ کہ میری گاڑی کی تلاشی بھی لی گئی ۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مجھ پر دو مقدمات درج کئے گئے لیکن میں نے کبھی بھی الیکشن کمیشن پر انگشت نمائی نہیں کی‘‘ ۔