’’کویت، فرانس، تیونس دہشت گردی میں تعلق ثابت نہیں ہوا‘‘

واشنگٹن۔27 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کل جمعہ کے روز کویت، تیونس اور فرانس میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے باہم مربوط ہونے کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے۔ تاہم وزارت خارجہ نے ان واقعات کو دہشت گردانہ کارروائیاں قرار دیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کیربی نے کہاکہ وہ اس بات کی تحقیق کررہے ہیں کہ آیا گذشتہ روز تیونس اور کویت کی مساجد اور فرانس میں ایک شخص کے قتل کے واقعات میں کسی قسم کا باہمی تعلق ہے یا نہیں لیکن ابھی تک انہیں اس کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے۔ تاہم ترجمان نے ان حملوں کو دہشت گردانہ کارروائیاں قرار دیا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز کویت میں اہل تشیع کی ایک جامع مسجد میں دھماکے کے علاوہ تیونس کے ساحلی شہر سوسہ میں دو ہوٹلوں میں ہونے والے سلسلہ وار حملوں کے علاوہ فرانس میں ایک دہشت گردانہ حملے میں مصنوعی گیس کے ایک کارخانے میں کام کرنے والے شخص پر حملہ کر کے اس کا سر تن سے جدا کر دیا گیاتھا۔