کوچی۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ ’’کس آف لو‘‘ کے منتظمین نے شکایت کی ہے کہ ان کا فیس بک صفحہ اور اکاؤنٹس جن کا تعلق کم از کم پانچ افراد سے ہے، اخلاقی پولیس نے ہیاک کرلئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض افراد ان کے احتجاج کے مقام پر آئے تھے وہ مسلح تھے۔ وہ ان پر حملہ کرنا چاہتے تھے، شبہ ہے کہ ان کا تعلق ہیاکنگ کے واقعہ کے پس پردہ دہشت گرد تنظیموں سے ہے۔ احتجاج کا اہتمام کرنے والے پی راہول نے کہا کہ پولیس میں ایک شکایت درج کروادی گئی ہے اور وزیر داخلہ کیرالا رمیش چنی تھالا سے خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ صفحہ آج صبح ہیاک کیا گیا لیکن کچھ ہی دیر میں ایک نیا صفحہ قائم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان افرا د نے احتجاجی تحریک کے خاتون ارکان کے فحش پوسٹرس بھی جعلی طور پر تیار کئے ہیں۔ منتظمین کو ذرائع ابلاغ کی توجہ اس وقت حاصل ہوگئی تھی جبکہ کہ خود ساختہ اخلاقی پولیس کے خلاف انوکھے انداز میں احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔