’’کرسی کی عزت برقرار رکھیں‘‘

نئی دہلی ۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے تحقیقات کی تکمیل سے قبل دہلی پولیس کے خلاف کارروائی کرنے سے آج صاف طورپر انکار کردیا اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے عہدہ کا وقار برقرار رکھیں۔ ریل بھون کے باہر کجریوال کے احتجاجی دھرنا کے بارے میں ایک سوال پر شنڈے نے جواب دیا کہ انھیں چیف منسٹر کی کرسی کی ’’عزت‘‘ کا لحاظ رکھنا چاہئے اوراس وقت تک انتظار کرنا چاہئے جب تک تحقیقات مکمل نہ ہوجائیں۔ مسٹر شنڈے نے کہا ’’بہرحال وہ ایک چیف منسٹر ہیں ( جو ) ایک اعلیٰ منصب ہے ۔انھیں تعاون کرنا چاہئے ‘‘۔

کجریوال نے آج سے دہلی پولیس کے عہدیداروں کے خلاف مرکز کی عدم کارروائی پر احتجاج کا آغاز کیا ہے ۔مسٹر شنڈے نے کہاکہ ’’عدالتی تحقیقات کا مطلب ایک غیرجانبدار انداز میں ذمہ داری کا تعین کرنا ہوتا ہے ۔ تحقیقات میں کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی لفٹیننٹ گورنر نے واضح کردیا ہے کہ تحقیقات کے عمل کو تیز رفتار بنایا گیا ہے۔ دہلی پولیس کو اپنے تحت دینے دہلی حکومت کے مطالبہ کو شنڈے نے مسترد کردیا اور کہا حتیٰ کہ امریکہ میں بھی واشنگٹن ڈی سی کی پولیس وفاقی حکام کے تحت کام کرتی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی کے سبب دہلی میں افراتفری جیسی صورتحال کے بارے میں عام آدمی پارٹی کے الزامات سے متعلق ایک سوال پر شنڈے نے جواب دیا کہ سارا ملک دیکھ رہا ہے کہ افراتفری کہاں ہیں اور افراتفری پھیلانے والا کون ہے ۔