’’کجریوال نے حلف کی خلاف ورزی کی : ‘‘ شنڈے

ممبئی۔ 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے دہلی اسمبلی میں جن لوک پال بل کی پیشکشی کے خلاف کانگریس اور بی جے پی کی مشترکہ مخالفت کی مدافعت کرتے ہوئے آج الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال نے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے لی گئی حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ شنڈے نے اپنے آبائی ٹاؤن شولا پور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’جس طرح اسمبلی یا پارلیمنٹ کا کوئی بھی رکن ایوان کی رکنیت کا حلف لیتا ہے، اس طرح چیف منسٹر بھی دستور کے پابند ہونے کا حلف لیتا ہے، لیکن کجریوال نے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ شنڈے نے کہا کہ ’’(دہلی اسمبلی میں) جن لوک پال بل قواعد کے مطابق پیش نہیں کیا گیا تھا اور چونکہ غلط طریقہ کار اختیار کیا گیا تھا، کانگریس اور بی جے پی نے اس کی مخالفت کی تھی‘‘۔