’’چیف منسٹر کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی‘‘ ڈگ وجئے سنگھ

حیدرآباد 11 فبروری (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھراپردیش مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ اپنی ہی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والے سیما آندھرا کے 6 ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی سے برطرف کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں احتجاج کرنے والے ارکان کے بارے میں اسپیکر اور صدرنشین ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ کئی مراحل کے مذاکرات کے بعد کانگریس پارٹی نے علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ساتھ ہی کانگریس کے ارکان کو اظہار خیال کی مکمل آزادی دی گئی تھی۔ تاہم کانگریس کی زیرقیادت یو پی اے حکومت کے خلاف حکمراں جماعت کے ارکان پارلیمنٹ نے تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کی ہے۔ اُنھیں کافی سمجھایا گیا

مگر اُن کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جس پر اُن کے خلاف کارروائی کی گئی۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے خلاف کارروائی کرنے کے سوال کو مسترد کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ کانگریس پارٹی چیف منسٹر کے خلاف کارروائی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ ریاست کی تقسیم پر اعتراض کرنے والوں کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ صرف یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ تلنگانہ بِل راجیہ سبھا کے بجائے لوک سبھا میں پیش کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ بِل کے مختلف پہلو ہیں اس لئے لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ کب پیش کیا جائے گا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ یہ سوال پارلیمانی اُمور کے وزیر مسٹر کمل ناتھ سے کیا جائے۔ ٹی آر ایس کے سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی سونیا گاندھی سے ملاقات اور ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ تلنگانہ بِل کے مسئلہ پر کانگریس تمام جماعتوں سے ملاقات کررہی ہے۔ اس طرح ٹی آر ایس سربراہ سے بھی ملاقات کی گئی۔ وہی بات ٹی آر ایس کی کانگریس میں ضم کرنے کے تعلق سے ہے بہتر ہوگا مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے بات چیت کی جائے۔