’’چائے والا وزیراعظم اور باورچی کا پوتا صدر امریکہ ‘‘

نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور امریکہ میں تنوع کی کتنی اہمیت ہے اِس بات کا ثبوت اِس سے ملتا ہے کہ ایک باورچی کا پوتا صدر امریکہ ہے اور ایک چائے والا ہندوستان کا وزیراعظم ہے۔ صدر امریکہ براک اوباما نے کہاکہ ہمیں بلکہ ہر انسان کو وقار ورثے میں ملا ہے۔ ہندوستان کئی زبانوں اور بولیوں کا ملک ہے۔ ہر رنگ، نسل، صنف اور عادات و اطوار کے لوگ یہاں کے شہری ہیں۔ اِسی طرح امریکہ میں سیاہ فام اور سفید فام، لاطینی، ایشیائی، ہندوستانی نژاد امریکی اور لاطینی نژاد امریکی موجود ہیں۔

صدر اوباما کی تقریر میں ہندی کا استعمال
امریکی صدر اوباما نے سری فورٹ آڈیٹوریم میں سامعین کے ساتھ قربت پیدا کرنے کیلئے اپنی تقریر میں ’’بہت دھنیاواد‘‘ اور ’’جئے ہند‘‘ کے ہندی الفاظ استعمال کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ امریکی عوام کی دوستی اور نیک خواہشات ہندوستانی عوام کے لئے ساتھ لائے ہیں۔ وہ اپنی اور خاتون اول مشل اوباما کی جانب سے بھی ہندوستانی عوام کو نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔

شاہ رُخ خان کے مشہور مکالمہ کا حوالہ
صدر امریکہ نے شاہ رُخ خان کے مشہور مکالمہ ’’سینوریٹا بڑے بڑے دیشوں میں …‘‘ کا حوالہ دیا جو اُن کی مشہور فلم ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ کا مکالمہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان میں ہر مذہب کے تہوار منائے جاتے ہیں۔