’’پرانا شہر کے حلقوں میں ایم بی ٹی کی شاندار کامیابی یقینی‘‘

تحریک کے حق میں طاقتور عوامی لہر، مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار : ڈاکٹرقائم خاں

حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) مجلس بچاؤ تحریک (ایم بی ٹی) کے صدر اور حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے ایم بی ٹی امیدوار ڈاکٹر قائم خاں نے اپنے اس یقین کا اظہار کیاکہ 2014 ء کے انتخابات میں مجلس بچاؤ تحریک شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ ڈاکٹر قائم خاں اپنی انتھک انتخابی مہم کے دوران آج للیتا باغ ریلوے برج، ماروتی نگر، تاناجی نگر، اروندھتی کالونی، رکشاپورم، سائی بابا نگر، شیواجی نگر، چھتری ناکہ، جنگم میٹ، قادری چمن، فلک نما جونیر کالج، اپو گوڑہ، بھوئی گوڑہ اور دیگر علاقوں میں پیدل دورے اور ریلیوں سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مقامی عوام کی کثیر تعداد بالخصوص خواتین اور نوجوانوں نے جگہ جگہ ڈاکٹر قائم خاں کا خیرمقدم کیا اور ڈاکٹر صاحب نے اپنے ہاتھ سے فتح کی علامت ’’V‘‘ دکھاتے ہوئے پرتپاک عوامی خیرمقدم کا جواب دیا۔ ایم بی ٹی کارکنوں اور مقامی نوجوانوں نے ڈاکٹر صاحب کی بکثرت گلپوشی کی۔ جگہ جگہ استقبالیہ شہ نشین بنائے گئے تھے جہاں صدر ایم بی ٹی نے توقف کرتے ہوئے خطاب کیا اور عوامی نمائندگیوں کی سماعت کی۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہاکہ عوام کے نام نہاد منتخبہ نمائندے الیکشن جیتنے کے بعد عوام کی تکالیف اور مسائل کی پرواہ کئے بغیر صرف اپنے شخصی مفادات کی تکمیل کے لئے اقتدار کی راہداریوں میں پیروکاری کرتے رہے ہیں جسکی زندہ مثال پرانا شہر کے اسمبلی حلقوں بالخصوص چندرائن گٹہ اور یاقوت پورہ ہیں جو بڑے سلم علاقوں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ پرانا شہر کے پریشان حال عوام جب بلدی مسائل پر اپنے منتخب ارکان اسمبلی سے نمائندگی کرتے ہیں تو ان پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ یہ سلسلہ گزشتہ 15 سال سے جاری ہے جس کے نتیجہ میں مقامی جماعت اور اس کے نااہل ارکان اسمبلی کے خلاف پرانا شہر کے عوام کی برہمی و بیزارگی کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔ عوام اب ان نااہل نمائندوں کو ہٹانے اور ایم بی ٹی امیدواروں کو منتخب کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ جس کا ثبوت پرانا شہر میں مجلس بچاؤ تحریک کے حق میں جاری طاقتور عوامی لہر سے ملتا ہے۔ ایم بی ٹی کی لہر سے مخالفین خوف اور بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور اب الزام تراشیوں، سازشوں اور جھوٹے پروپگنڈہ پر اُتر آئے ہیں۔ڈاکٹر قائم خاں نے کہاکہ ’’میں اگرچہ رکن اسمبلی نہیں تھا لیکن گزشتہ 15 سال سے چندرائن گٹہ کے عوام میں رہا ہوں جو کوئی بھی مجھ سے اپنے مسائل کے ساتھ رجوع ہوا کرتے تھے میں نے مؤثر نمائندگی کے ذریعہ بلدی، برقی، آبرسانی اور پولیس محکموں سے متعلق تمام مسائل کی یکسوئی کی ہے اور میرے حلقہ کے عوام اس بات کے گواہ ہیں‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد کسی بھی شخص کو ان سے رجوع ہونا نہیں پڑے گا بلکہ غازی ملت محمد امان اللہ خان مرحوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وہ خود اپنے حلقہ کے عوام سے ربط برقرار رکھیں گے۔ ڈاکٹر قائم خاں امیدوار مجلس بچاؤ تحریک حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ نے حلقہ کے عوام سے خواہش کی کہ وہ 30 اپریل کو اپنی اولین ترجیح کے ذریعہ ٹی وی کے نشان پر بٹن دباکر انھیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہاکہ مجوزہ 2014 ء کے انتخابات میں نہ صرف حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ بلکہ یاقوت پورہ، چارمینار، بہادر پورہ اور خیریت آباد کے عوام تبدیلی کے منتظر ہیں چنانچہ انھیں قوی اُمید ہے کہ مجلس بچاؤ تحریک کے تمام امیدوار بشمول یاقوت پورہ ، چندرائن گٹہ بھاری اکثریت سے منتخب ہوں گے۔ ڈاکٹر قائم خان کے ہمراہ ریالی میں لوک سبھا امیدوار مصطفی محمود کے علاوہ مولانا سید طاہر، خان احمد خان، سید احمد، عبدالستار، چاند بھائی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔