نئی دہلی ، 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کو آج ایک مقامی عدالت نے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی داخل کردہ فوجداری شکایت میں بطورِ ملزمین طلب کیا ہے، جبکہ ان پر موجودہ طور پر بند روزنامہ ’’نیشنل ہیرالڈ‘‘ کی ملکیت کے حصول میں فنڈس کے متعلق مبینہ دھوکہ دہی اور بیجا تصرف کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ گومتی مانوچا نے سونیا اور راہول کے علاوہ اے آئی سی سی خازن موتی لال ووہرا ، جنرل سکریٹری آسکر فرنانڈیز اور سمن دوبے ، سام پتروڈا (ینگ انڈین لمیٹیڈ کے دیگر ڈائریکٹرس) کو بھی سمن جاری کئے ہیں۔ یہ کمپنی 2010ء میں شروع کی گئی تھی۔ عدالت نے انہیں 7 اگست کو حاضر ہونے کی ہدایت دی۔ یہ سمن ایسے وقت جاری کیا گیا جبکہ کانگریس ، حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بدترین شکست کے اثر سے ہنوز باہر نہیں نکل پائی ہے۔