امیتھی ؍ نئی دہلی۔یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام) ’’مَیں راجیو گاندھی کی بیٹی ہوں‘‘، پرینکا گاندھی نے نریندر مودی کے تبصرہ پر تلخ انداز میں یہ جواب دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ پرینکا کو اپنی بیٹی سمجھتے ہیں۔ پرینکا گاندھی اس وقت امیتھی میں انتخابی مہم چلا رہی ہیں جب ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے ان سے نریندر مودی کے ریمارکس کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے یہ ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ ’’میں راجیو گاندھی کی بیٹی ہوں‘‘۔اس وقت وہ اپنی ایس یو وی میں سوار تھیں۔ انہوں نے کچھ دیر کے لئے گاڑی روک دی
اور حامیوں سے مصافحہ کیا۔ ابتداء میں وہ اس سوال کا جواب نہیں دے رہی تھیں لیکن بعد میں ایس یو وی سے اُتر کر باہر آئیں اور تلخ انداز میں کہا کہ مَیں راجیو گاندھی کی بیٹی ہوں۔ اس کے بعد مزید کسی سوال کا جواب دیئے بغیر یہاں سے چلی گئیں۔ پرینکا گاندھی اپنے بھائی راہول گاندھی کیلئے مہم چلا رہی ہیں۔