’’میں بھی مودی کرتا پہننا چاہتا ہوں‘‘ : اوباما

وزیراعظم کے لباس، راجستھانی پگڑی اور اسٹائیل کی ستائش
نئی دہلی 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج جشن جمہوریہ تقاریب کے موقع پر ہمہ رنگی راجستھانی پگڑی باندھے رکھا تھا جو اپنی خوبصورتی کے سبب مرکز توجہ بنی رہی۔ یوم آزادی کے موقع پر بھی مسٹر مودی اپنے سر پر چمکدار سرخ بندھن پگڑی باندھے ہوئے تھے اور آج صبح جشن جمہوریہ تقاریب کے موقع پر راجستھانی سافہ باندھا تھا۔ وزیراعظم آج روایتی ’’بند گلہ‘‘ زیب تن کئے ہوئے تھے جبکہ امریکہ کے صدر بارک اوباما جو جشن جمہوریہ تقاریب میں مہمان خصوصی تھے گہرے سوٹ میں ملبوس تھے۔ تاہم راجپتھ پہونچنے کے فوری بعد اوباما کے مددگاروں نے اُنھیں اوور کوٹ دیا کیونکہ صبح کے وقت سردی کی لہر کے علاوہ ہلکی بوندا باندی بھی جاری تھی۔ صدر اوباما کی شریک حیات مشل بٹن والے سیاہ لانگ کوٹ زیب تن کی ہوئی تھیں اور کندھوں پر سرخ اسکارف ڈال رکھا تھا۔ لباس کے حسن انتخاب کے معاملہ میں وزیراعظم مودی کے منفرد انداز کی بالعموم ستائش کی جاتی ہے۔ اُنھوں نے گزشتہ روز روایتی کرتا پاجامہ کے ساتھ نہرو ویسٹ کوٹ زیب تن کیا تھا۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے بنکویٹ میں امریکی مہمان اوباما نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ بھی مودی کرتا پہننا چاہتے ہیں۔ صدر اوباما نے اپنے ملک کے اخبار میں شائع شدہ ایک سرخی کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ مشل اوباما کے بعد جدید فیشن میں مثالی شخصیت کون ہوسکتے ہیں۔ اس پر مسٹر اوباما نے کہاکہ ’’میں بھی اُس وقت مودی کرتا پہننے کے بارے میں سوچ رہا تھا‘‘۔